کراچی: (دنیا نیوز) دنیا نیوز ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کلیم امام اور صوبائی حکومت کے درمیان ناراضی کی وجوہات سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سندھ کے ضلع دادو سے سیاسی رہنما کے بھائی سعید جمالی کی گرفتاری آئی جی اور حکومت کے درمیان ناراضی کی وجہ بنی۔ ان پر حیسکو کے افسران پر تشدد کا الزام تھا۔
دوسری جانب پولیس اہلکار پر تشدد کرنے پر اہم سیاسی شخصیت کے بیٹے کی گرفتاری بھی ناراضی کی وجہ بنی اور پولیس سٹیشنز کی مرمت کے فنڈز پر بھی اختلافات سامنے آئے۔
اس کے علاوہ بدین میں اہم سیاسی رہنما کی گرفتاری اور ذوالفقارمرزا کی 1200 ایکڑ اراضی واگزار کرانا بھی وجہ بنا۔ 5 پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام پر شہلیانی کی گرفتاری سے بھی تناؤ پیدا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے آئی جی سندھ کلیم امام کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر بات چیت
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کلیم امام کی ایک اہم ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے صوبہ میں امن او امان کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا۔
آئی جی سندھ نے وزیراعظم کو سندھ حکومت کے آئی جی تبدیل کرنے کے فیصلہ سے متعلق اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے بھجوائے گئے نام حکومتی اتحادی جماعت جی ڈی اے کی جانب سے اعتراض کے بعد مسترد کر دیئے تھے۔