اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ تمام سیاسی اختلافات ختم کر کے کشمیر کو نیشنل کاز بنانا ہو گا۔ وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں قابض بھارتی افواج مظلوم کشمیریوں کو انسانیت سوزمظالم کا نشانہ بنا رہی ہیں، اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
یوم یکجہتی کشمیر، پوری پاکستانی قوم کا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام، اسکولوں کے بچوں کی ٹیبلوز کے ذریعے بھارتی مظالم کی بھرپور عکاسی کی گئی۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مراد سعید تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ قابض بھارتی افواج مظلوم کشمیریوں کو انسانیت سوزمظالم کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔