اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کیا وزیراعظم کو سارے چور ڈاکو نون لیگ میں نظر آتے ہیں، کیا حکومتی صفوں میں سب صاف ستھرے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نواز اور شہباز کی ملیں بند ہیں تو کون چینی مہنگی بیچ رہا ہے، کون حکومت کی چھتری کے نیچے لوٹ مار مچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں لوگ آٹے کیلئے ترس رہے ہیں، مہنگائی بڑھ گئی ہے، 45 فیصد شوگر ملز پی ٹی آئی ارکان کی ہیں، مہنگائی سے متعلق ارکان اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے، کمیٹی ملک کو لوٹنے والوں کا تعین کرے، ملکی تاریخ میں قوم کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی، لوگوں کو چور کہنا اور اپنی بغل میں چور لے کر بیٹھے رہنا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا حکومتی صفوں میں موجود ڈاکو اور چور حکومت کو لے بیٹھیں گے، ان ڈاکوؤں اور چوروں کا پیٹ ہی نہیں بھرتا، سپیکر اسمبلی ایوان میں مہنگائی پر بحث کرائیں، مہنگائی عوام کا بنیادی مسئلہ ہے، عوام کے حقوق کا تحفظ ہمارا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا تمام ممالک نے چین سے اپنے شہریوں کو نکال لیا، پاکستانی طلبا کو نکالنا حکومت کی ذمہ داری ہے، چین میں پاکستانی طلبا کا خیال رکھا جا رہا ہے لیکن انہیں واپس لایا جائے، کرونا وائرس کے شکار پاکستانی طلبا کے علاوہ دیگر کو واپس لایا جائے۔