لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے لیگی رہنما جاوید لطیف کو ایک بار پھر طلب کرلیا، ان کو اپنی والدہ ولایت لطیف کے اثاثوں کی تفصیلات لے کر اج پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگی رہنما جاوید لطیف کو اج طلب کر رکھا ہے۔ والدہ کو جائیدادیں، کتنے شئیرز اور کتنے اثاثے منتقل ہوئے ہیں، یہ تفصیلات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف سے پوچھا گیا ہے کہ والدہ نے کون کون سی جائیدادیں فیملی کے دیگر اراکین کو منتقل کیں، ان کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جاوید لطیف کی والدہ کے نام کروڑوں روپے کے اثاثے ہیں جبکہ ان کی والدہ نے ایف بی آر کے روبرو 10 کروڑ سے زائد کے اثاثہ جات بتا رکھے ہیں۔ جاوید لطیف سے والدہ کے ذرائع آمدن اور اثاثے بنانے کےلیے سرمایہ کے حوالے سے بھی پوچھا گیا ہے۔