لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف کو اپنی والدہ کے اثاثوں کی تفصیلات لے کر 4 فروری کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جاوید لطیف کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کی والدہ کے نام پر کتنی جائیدادیں، کتنی شئیرز اور کتنے اثاثے منتقل ہوئے؟ تفصیلات ہمراہ لائیں۔
اس کے علاوہ لیگی رہنما سے پوچھا گیا ہے کہ والدہ نے کون کون سی جائیدادیں فیملی کے دیگر اراکین کو منتقل کیں؟ اس کی تفصیلات بھی جمع کرائی جائیں۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف کی والدہ کے نام کروڑوں روپے کے اثاثے ہیں۔ ان کی والدہ نے ایف بی آر کے روبرو 10 کروڑ سے زائد کے اثاثہ جات بتا رکھے ہیں تاہم نیب کو موصول شواہد کے مطابق ان اثاثوں کی مالیت اربوں روپے ہے جن میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ہوتا رہا۔
ذرائع کے مطابق جاوید لطیف سے والدہ کا سورس آف انکم اور اثاثے بنانے کے لیے سرمایہ کہاں سے آیا؟ پوچھا گیا ہے۔ لیگی رہنما نے نیب سے جواب جمع کروانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت مانگی تھی۔
جاوید لطیف نے موقف اپنایا تھا کہ والدہ کے نام اثاثوں سمیت طلب کیے گئے ریکارڈ کے لیے وقت درکار ہے۔ ان کی والدہ کی عمر بہت زیادہ ہو چکی ہے، تمام ریکارڈ جمع کرنے میں وقت لگے گا۔