اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو اسحاق ڈار کا گھر نیلام کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنی سلیم پرویز نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کا ضبط گھر واپس لینے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے قاضی مصباح ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ گلبرگ لاہور میں گھر 14 فروری 1989 کو اسحاق ڈار نے حق مہر کے عوض اپنی اہلیہ کو دیا، نیب نے گھر منجمد کرتے ہوئے نیلامی کیلئے پنجاب حکومت کی تحویل میں دے دیا۔
عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد احتساب عدالت کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کر کے 13 فروری تک جواب طلب کر لیا۔