اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اجلاس میں عوام میں تحریک انصاف کی معاشی کارکردگی اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں ن لیگ نے پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں احتجاج ریکارڈ کرانے اور منگل سے پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے ملک بھر میں کاروباری افراد اور تاجروں کے ساتھ سیمینار کا انعقاد جبکہ ٹی وی ٹاک شوز، نیوز کانفرنسز اور میڈیا کے ذریعے حکومت معاشی پالیسیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔