مہنگائی کا طوفان: ن لیگ کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس طلب

Last Updated On 07 February,2020 02:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ہدایت پر مہنگائی کے طوفان پر اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا گیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس آج دوپہر ہوگا۔

اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن چیمبر میں ہوگا، پارٹی کی سینئر قیادت اجلاس میں شریک ہوگی، جس میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین معاشی صورتحال پر غور ہو گا، بجلی، گیس، آٹا، چینی سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں عوامی مشکلات کے حوالے سے سفارشات مرتب کی جائیں گی، عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کی حکمت عملی وضع کی جائے گی، مہنگائی کی چکی میں پستے عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔