اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی ترقیوں کا معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم عمران خان نے 60 روز میں کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈیلیو ری یونٹ نے مراسلہ جاری کر دیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وفاقی وزارتوں اور اداروں میں 7 ہزار سے زائد ترقیوں کا معاملہ زیرالتوا ہے۔ 1991 سے 2017 تک 37 فیصد ترقیاں نہیں کی جا سکیں۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ فنانس ڈویژن میں 2 ہزار 290، کامرس میں ایک ہزار 364، پٹرولیم میں 809، پاورڈویژن میں 615، انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن میں 344 اور وزارت داخلہ میں 111 ترقیاں زیرالتوا ہیں۔ وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ ایکس کیڈر ملازمین سالوں سے پروموشن بورڈ کے انتظار میں ہیں، ترقیاں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین بہتر کارکردگی نہیں دکھا پا رہے۔
معاملے کے حل سے 20 ہزار ملازمین کی سنیارٹی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔