مسلم لیگ ق نئی حکومتی کمیٹی سے بات چیت پر رضامند، جلد ملاقات ہو گی: کامل علی آغا

Last Updated On 09 February,2020 11:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق نئی حکومتی کمیٹی سے بات چیت کرنے پر راضی ہو گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں اتحادیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، نفاق ڈالنے والوں کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی، گورنر پنجاب نے اپوزیشن کو احتجاج اور فساد کے جمہوری کردار ادا کرنے کا مشورہ دیدیا۔

 

مسلم لیگ (ق)نئی حکومتی کمیٹی سے بات چیت کرنے پر راضی، ق لیگ کے مرکزی رہنما کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ ہم پی ٹی آئی سے ہونے والا معاہدہ ختم نہیں کرنا چاہتے۔ پہلی کمیٹی سے طے معاملات پرجب تک عملدرآمد نہیں ہوتا، ڈیڈ لاک برقرار رہے گا۔ بار بار کمیٹی کمیٹی کھیلنا بھی درست نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ہمارا اتحاد ملک و قوم کے مفاد میں ہے، نفاق ڈالنے والوں کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ اپوزیشن سیاسی طور پر ناک آؤٹ ہو چکی ہے۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا، صوبائی وزراء سے ملاقات میں گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن صرف اپنے بچاؤ کی جنگ لڑ رہی ہے، مڈٹرم انتخابات اپوزیشن کا کبھی پورا نہ ہونے والا خواب ہے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کو اپوزیشن پر اور اپوزیشن جماعتوں کو ایک دوسرے پر اعتبار نہیں، آخری کرپٹ شخص کے احتساب تک احتساب جاری رہے گا۔

 

Advertisement