مسلم لیگ ق کا مطالبہ تسلیم، پرانی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک مذاکرات میں شامل

Last Updated On 09 February,2020 10:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے پرانی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک کو مذاکرات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ کمیٹی پیر کو چودھری برادران کی رہائش گاہ پر ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کرے گی۔

تفصیل کے مطابق اتحادیوں کے معاملات پر مسلم لیگ ق کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے پرانی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک کو مذاکرات میں شریک کر لیا گیا ہے۔ مذاکراتی کمیٹی نے مسلم لیگ ق کی قیادت سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے۔

پیر کے روز لاہور میں چودھری برادران کی رہائش گاہ پر دوپہر ساڑھے بارہ بجے ملاقات ہوگی۔ پنجاب کی قائم کمیٹی کے ارکان گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور شفقت محمود بھی شریک ہوں گے۔

مسلم لیگ ق کا مطالبہ تھا کہ معاملات طے کرنے والی پرانی کمیٹی کے رہنما پرویز خٹک بات چیت میں شریک ہوں۔ وفاقی وزیر اسد عمر کو بھی اس مذاکراتی نشست میں شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب کی کمیٹی کے ارکان کا موقف ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ کئے وعدے پورے ہونے چاہیں۔
 

Advertisement