اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں تمام ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی۔
جج اعظم خان نے منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی، سابق صدر آصف علی زرداری علالت کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے، فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان نے حاضریاں لگوائیں۔
دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ انور مجید کہاں ہیں ؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ انور مجید کو کراچی سے لانے کیلئے نیب ہیڈ کوارٹرز کو لکھا ہے۔
آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ابھی تک ریفرنس کی کاپیاں فراہم نہیں کی گئیں۔ عدالت نے تمام ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔