اسلام آباد: (ایس ایم زمان) پاکستان پوسٹ کو سابق حکومت کے آخری دو مالی سال کی نسبت گزشتہ مالی سال میں ریکارڈ آمدنی اور ایک ارب 36 کروڑ روپے خسارہ کم کرنے کے باوجود 9 ارب روپے سالانہ اور مجموعی طور پر 55 ارب روپے سے زائد خسارے کا سامنا ہے۔
پاکستان پوسٹ گزشتہ دس سالوں سے مسلسل خسارہ کا شکار ہے۔ پاکستان پوسٹ کو 2018-19 میں 14 ار ب 76 کروڑ 75 لاکھ 30 ہزار روپے کی آمدنی ہوئی۔ پاکستان پوسٹ نے آخری مرتبہ 2008-2009 میں اخراجات پورے کر کے 40 کروڑ 41 لاکھ 99 ہزار منافع کمایا تھا۔ پاکستان پوسٹ کو سب سے زیادہ خسارے کا سامنا 2016-2017 اور 2017-2018 میں ہوا ہے۔ پاکستان پوسٹ کو سب سے زیادہ خسارہ 2017- 18 میں 10 ارب 50 کروڑ تین لاکھ روپے اور 2016-17 میں 10ارب 45 لاکھ ایک ہزارر وپے ہوا تھا۔
پاکستان پوسٹ کو 2018- 19 میں 9 ارب 13 کروڑ 50 لاکھ 92 ہزار روپے خسارہ ہوا۔ پاکستان پوسٹ کے گزشتہ مالی سال 2018-19 میں اخراجات 23 ارب 90 کروڑ 26 لاکھ 22 ہزار روپے ہوئے۔