ملک میں مہنگائی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں: نوید قمر

Last Updated On 12 February,2020 03:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نوید قمر نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں، آج ہر شخص مہنگائی سے متاثر ہو رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز اور راشن کارڈ کوئی حل نہیں، اگر آپ پیداوار نہیں بڑھائیں گے تو خسارہ ہو گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آج ہر گھر میں معاشی پالیسی زیر بحث ہے، ہر شخص مہنگائی سے متاثر ہو رہا ہے، اپنے لوگوں پر اعتماد نہیں کریں گے تو بحران پیدا ہوگا، 2008 میں بھی اس سے بدتر حالات تھے، نمبرز کا گورکھ دھندا ہوتا تو ان کے اور اپنے نمبرز بتا کر گھر چلے جاتے، کون سا ایسا شخص ہے جو ان کی پالیسیوں سے متاثر نہیں ہو رہا۔

نوید قمر کا کہنا تھا جہاں آپ نے پروڈکشن، سپلائی کو دیکھنا تھا وہاں صرف ڈیمانڈ کو دیکھا، عام آدمی کو جو تکلیف مل رہی ہے اس کا اندازہ وہی لگا سکتاہے، جو سب سے غریب ہے ان پر مہنگائی کا زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا، ہم ان چیزوں کی قیمتیں بڑھاتے جا رہے ہیں جو ہماری اپنی پروڈکشن ہے، ہارورڈ کی پالیسی یہ نہیں کہتی کہ راشن کارڈ سے مہنگائی کم ہو گی۔