پی ایم ڈی سی تحلیل کرنے کا صدارتی آرڈیننس کالعدم قرار، تمام ملازمین بحال

Last Updated On 11 February,2020 02:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ایم ڈی سی تحلیل کرنے کا صدارتی آرڈیننس کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام ملازمین کو بحال کر دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن غیر قانونی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 8 جنوری کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے قیام کا فیصلہ غیر قانونی ہے، کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ فیصلہ سنتے ہی پی ایم ڈی سی ملازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور فیصلہ حق کی فتح قرار دیا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے گزشتہ سال 20 اکتوبر کو پاکستان میڈیکل کمیشن آرڈیننس نافذ کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کر دیا تھا۔ پی ایم ڈی سی کے رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر حفیظ الدین سمیت ملازمین نے فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔
 

Advertisement