آئی ایم ایف وفد کی خزانہ کمیٹی سے ملاقات، اہداف حاصل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار

Last Updated On 12 February,2020 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف وفد کی خزانہ کمیٹی حکام سے ملاقات ہوئی جس میں معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ معاہدے کے تحت اہداف حاصل نہ ہونے پر مالیاتی ادارے نے تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کیساتھ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں ایجوکیشن، ہیلتھ، واٹر اینڈ سینیٹیشن سمیت 5 ایس ڈی جیز پر بات ہوئی۔

آئی ایم ایف وفد نے ملاقات میں پاکستان کی معیشت کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے جبکہ نئے اور چھوٹے درجے کے ایکسپورٹر کو بڑھانا چاہیے۔

وفد نے کاروبار کیلئے ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین خزانہ فیض اللہ کموکا نے اجلاس کے بعد بتایا کہ آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات مکمل ہونے پر اگلی قسط جلدی ملنے کی امید ہے تاہم ٹیکس اہداف حاصل کرنا مشکل نظر آ رہا ہے۔