اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے درمیان مذاکرات میں منی بجٹ نہ لانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ رواں سال جون تک ٹیکسز میں اضافہ اور ٹیکس ہدف میں کمی نہیں ہوگی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹیکس ہدف کے حصول کیلئے بھرپور کوششیں ہوں گی۔ آمدن بڑھانے کے لیے نان ٹیکس آمدن بڑھائی جائے گی۔
اس کے علاوہ نجکاری کے روڈ میپ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ نان ٹیکس آمدن میں 400 ارب روپے اضافہ کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات میں اتفاق کیا گیا کہ سیلز ٹیکس کا ریٹ 18 فیصد نہیں ہوگا، اس کی شرح 17 فیصد پر ہی برقرار رہے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے بیشتر اہداف حاصل کرتے ہوئے خسارے اور نقصانات میں کمی کا روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ آئی ایم ایف مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر مطمن ہے۔ دونوں فریقین 10 روزہ مذاکرات کا الگ الگ اعلامیہ جاری کریں گے۔