کینیڈین سفیر ونڈی گلمور گلگت بلتستان کے حسین نظاروں میں کھو گئیں

Last Updated On 17 February,2020 09:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کینیڈین سفیر ونڈی گلمور نے ہنزہ میں بچوں کے ساتھ آئس ہاکی کھیلی۔ انہوں نے پاکستان کے خوبصورت علاقوں کا دو روزہ دورہ کیا۔ کینیڈین سفیر سمیت وفد کے دیگر ارکان خوشی سے جھومتے رہے۔

تفصیل کے مطابق کینیڈین سفیر ونڈی گلمور نے ہنزہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف سرمائی کھیلوں کے کھلاڑیوں سمیت کوہ پیماؤں سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ کیمپز بنانے کا بھی وعدہ کیا۔ کینیڈا کی سفیر نے پاکستان میں خواتین کی ٹورازم کی جانب آنے کو سراہا۔ کینیڈین سفیر نے ٹور گائیڈ تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

سفیر ونڈی گلمور نے پاکستان کو ہر موسم میں سیاحت کے لیے بہترین ملک قرار دیتے ہوئے آئندہ سالوں میں کینیڈین سیاحوں کو پاکستان سمیت خاص طور پر گلگت بلتستان کی طرف راغب کرنے کے لیے کوششوں کا بھی اظہار کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک انتہائی پرامن ملک ہے۔ یہ ملک غیر ملکی سیاحوں کے جنت ہے۔ یہاں کا کلچر، اونچے پہاڑ، موسم اور ہر چیز غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ سکتی ہے۔