گلگت: (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان کے خوبصورت مقام وادی نلتر میں اسکی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔ سعدیہ خان اور چلڈرن کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے کامیابی سے پائیہ تکمیل کو پہنچے۔
قراقرم رینج میں نلتر پاکستان کا سب سے پرانا اسکی ریزورٹ ہے جو 10 ہزار 500 فٹ پر واقع ہے، یہ ریزورٹ گلگت ٹاؤن سے 25 کلو میٹر دور واقعے ہے اور ہر سال موسم سرما میں نلتر پر کھیلوں کے مقاملے منعقد کیے جاتے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق گلگت بلتستان کے خوبصورت مقام وادی نلتر میں اسکی کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے اختتام پذیر ہوئے، کھلاڑیوں نے برف سے ڈھکی خطرناک ڈھلوانوں پر کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان کے مطابق ریزورٹ کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لئے سہولیات فراہم کیں، مقابلوں سے خواتین میں کھیل کی دلچسپی پیدا ہو رہی ہے، نئے آنے والے ٹیلنٹ کو بھی بھرپور مواقع میسر آ رہے ہیں، سکیئنگ کے دلدادہ لوگوں کی کثیر تعداد نے مقابلے دیکھے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایونٹ کو نوجوان سکیئر سعدیہ خان کے نام سے منسوب کیا گیا، سعدیہ خان 24 سال کی عمر میں ایک کار حادثے میں وفات پا گئیں تھیں۔
یاد رہے کہ رواں سال کے پہلے ماہ جنوری 2019ء کے دوران چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل قراقرم الپائن اسکی کپ میں شرکت کے لیے 12 ممالک سے 38 سکیئرز گلگت کے نلتر اسکی ریزورٹ پہنچے تھے۔
یونان، افغانستان، ترکی، یوکرائن، ہانگ کانگ، برطانیہ، بوسنیا، ہرزیگوینا، بلجیم، مراکش، کرغستان، آذربائیجان اور تاجکستان سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ درجے کے بین الاقوامی اسکیئرز ایونٹ کی سلالوم اور بڑی سلالوم کٹیگریز میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔