ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس: دوسرا مرحلہ واپڈا کے نجیب اللہ نے جیت لیا

Last Updated On 28 June,2019 07:17 pm

ہنزہ: (دنیا نیوز) ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ واپڈا کے نجیب اللہ نے اپنے نام کرلیا۔

 

 

دنیا نیوز کے مطابق دوسرے مرحلے میں سوئی گیس کے عبدالرزاق نے دوسری جبکہ بلوچستان کے کھلاڑی ہنزاللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، نجیب اللہ نے 1 گھنٹے 19 منٹ اور 37 سیکنڈ میں 35 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا، سوئی گیس کےعبدالرزاق نے 1 گھنٹے 19 منٹ اور 47 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا، ہنزاللہ نے 1 گھنٹے 21 منٹ اور 14 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا۔ آرمی کے عبداللہ نے چوتھی جبکہ عابد صدیق نے پانچویں پوزیشن حاصل کی. افغانستان کے فصیح اللہ نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ واپڈا کی ٹیم پہلے اور دوسرے مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایونٹ کی نمایاں ٹیم بن گئی ہے

گلگت بلتستان حکومت اور پاکستان سائیکلینگ فیڈریشن کے زیر اہتمام دوسری ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس کے دوسرے مرحلے کا آغاز غلمت سے ہوا، دوسرا مرحلہ ٹائم ٹرائل کا تھا جو غلمت سے شروع ہو کر دوہیکر ہنزہ تک 35 کلو میٹر تک محیط تھا۔ کم فاصلہ ہونے کے باوجود یہ ایونٹ کا مشکل ترین مرحلہ تھا کیونکہ اس 35 کلو میٹر کے آخری 7 کلو میٹرمسلسل چڑھائی اور پر خطر راستے تھے جنہیں کھلاڑیوں نے ہمت اور بہادری کے ساتھ طے کیا ۔

ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 83 میں سے 77 کھلاڑیوں نے ریس مکمل کی تھی جبکہ چار کھلاڑی نا اہل ہو گئے تھے۔ پہلی پوزیشن واپڈا کے نجیب اللہ، دوسری آرمی کے عبداللہ خان، تیسری سری لنکا کے ویران رمیش، چوتھی آرمی کے عابد صدیق جبکہ پانچویں اور چھٹی پوزیشن ایس ایس جی سی کے غلام حسین اور عبدالرزاق کے حصہ میں آئی تھی۔