پیرس: (دنیا نیوز) پیرس اجلاس میں پاکستان نے متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 27 میں سے 14 نکات پر موثر اقدامات کئے، ایف اے ٹی ایف ممالک بھی داد دینے پر مجبور، گرے لسٹ سے دوری بڑھنے لگی۔
پاکستان نے پیرس میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اب تک ہونے والے اقدامات کی رپورٹ پیش کر دی ہے جس کے بعد امید ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ پیرس میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان نے 27 میں سے 14 اہداف کے حصول کے لیے اقدامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کر دی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان نے ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کے لیے مالیاتی شعبہ میں موثر حکمت عملی اپنائی، دہشت گردوں تک فنڈز منتقلی کے سدباب کے لیے اداروں میں تعاون بڑھایا، مالیاتی اور نان بینکنگ سیکٹر سٹاف کے ساتھ ساتھ ضلع سے لے کر اعلی عدلیہ تک کو ٹیرر فنانسنگ اور انسداد منی لانڈرنگ پر آگاہی دی، سیٹیٹ بینک نے مالیاتی اداروں کے آڈٹ کے ذریعہ موثر چیک رکھنے کا اقدام کیا۔
پاکستان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی سو فیصد روک تھام کے لیے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کا با اختیار بنایا گیا جبکہ دہشتگردوں تک فنڈنگ روکنے کے وفاقی اور صوبائی اداروں نے مشترکہ اقدامات کیے، سی ٹی ڈی کو اینٹی منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کیس کی تحقیقات کا اختیار دیا گیا۔
کرنسی، زیورات، سونے یا ڈالر کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر اسٹریٹجی پلان کے علاوہ ائرپورٹس پر مسافروں کے آنے اور جانے کے اعدادو شمار کو محفوظ رکھا جا رہا ہے جبکہ اندرون ملک بھی کرنسی کی اسمگلنگ کی روکنے تھام یقینی بنائی جا رہی ہے، نان بینکنگ، مالیاتی اداروں اور نان پروفٹ آرگنائزیشن کی مکمل جانچ پڑتال کرنا شامل ہے۔