لاہور: (دنیا نیوز) چودھری سرور نے کہا ہے کہ اگر کسی کو لانگ مارچ کا شوق ہے تو وہ پورا کر لے، عوام وزیراعظم عمران خان کیساتھ ہیں، ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نیوالوں کا ایجنڈہ عوام دشمنی کے مترادف ہے۔
گورنر ہاوس میں چودھری محمد سرور سے صدر قصور بار ایسوسی ایشن مہر سلیم احمد کی قیادت میں دفد اور پارٹی اراکین نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا سزا اور جزا کو لازم بنا رہے ہیں، جرم کرنیوالے سزا سے بچ نہیں سکیں گے، فرسودہ نظام کو ختم کر کے پاکستان کے مستقبل کو روشن بنایا جائیگا۔
چودھری سرور نے کہا غیر ملکی سر مایہ کاری میں 66 فیصد اضافہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے، ہر گزرتے دن کیساتھ غیر ملکی سر مایہ کاری اور دنیا کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان کشمیریوں کے موقف کی بھی جیت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے بعد پاکستان سیاحت کا مرکز بن رہا ہے، یو این او سمیت عالمی ادارے افواج پاکستان اور عوام کی امن کیلئے قربانیوں کو سر اہا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انصاف کی فراہمی میں عدلیہ کیساتھ وکلاء کا بھی اہم کردار ہے، سستا اور فوری انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔