پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، اپوزیشن اراکین نے سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس سپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں شروع ہونے سے قبل ہی اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور ڈیسک بجانا شروع کر دیا۔ اپوزیشن اراکین نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور نعرے بازی کی، اس دوران حکومتی اراکین نے اپوزیشن اراکین کے نعروں کے جواب میں نعرے لگائے۔
احتجاج کے باعث وقفہ سوالات میں اپوزیشن کے سوالات لیپس کر دیئے گئے۔ معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش نے اپوزیشن کے احتجاج کے دوران کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل 2020 پیش کیا، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ترمیمی بل بھی ایوان میں پیش کیا گیا جبکہ حصول اراضی سے متعلق بل منظور کرلیا گیا۔
سپیکر کا اپوزیشن اراکین کو کہنا تھا کہ آپ عوامی نمائندے ہیں اپنی نشستوں پر تشریف رکھیں، تاہم اپوزیشن نے احتجاج جاری رکھا، جس کے بعد سپیکر مشتاق غنی نے اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔