اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیرسٹر خالد جاوید خان پاکستان کے 35 ویں اٹارنی جنرل تعینات کر دیئے گئے، صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے نئے اٹارنی جنرل کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
انور منصور خان کے استعفے کے بعد نئے اٹارنی جنرل فار پاکستان کا تقرر کر دیا گیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے بیرسٹر خالد جاوید خان کی بطور اٹارنی جنرل تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
خالد جاوید نے لندن یونیورسٹی سے لاء کی ڈگری جبکہ بیچلر آف سول لاء آکسفورڈ یونیورسٹی سے کیا۔ ہارورڈ یونیورسٹی سے ایل ایل ایم جبکہ لنکنزان سے بار ایٹ لاء کیا۔ خالد جاوید نے 1991 میں ہائیکورٹ جبکہ 2004 میں سپریم کورٹ میں وکالت شروع کی۔
خالد جاوید بے نظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں اٹارنی جنرل کے قانونی مشیر بھی رہے۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید پیپلز پارٹی کے رہنما پروفیسر این ڈی خان کے بیٹے ہیں۔