راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوبد باجوہ نے مراکش کا چار روزہ سرکاری دورہ کیا جس کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے لیے پاکستانی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا جبکہ باہمی سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا.
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مراکش کے چار روزہ سرکاری دورے میں مراکش کے قومی دفاع کے وزیر عبد الطیف لاوڈی سے ملاقات کی ہے جس میں مراکش کی فوج کے جنرل عبدالفتح لورک بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقاتوں میں پاک مراکش سکیورٹی تعاون، مشترکہ تربیت اور انسداد دہشتگردی میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں مراکش کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ آرمی چیف نے مراکش کے ملٹری کالج کا بھی دورہ کیا ہے جہاں آرمی چیف نے ملٹری کالج میں سکیورٹی ماحول اور درپیش مشکلات میں پاکستان کے کردار پر اظہار خٰیال کیا ہے۔ آرمی چیف نے خطے میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر اہم کردار ادا کیا اور بڑی قربانیاں دیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو دہشتگردی سے بچانے اور خطے میں امن کے لئے اہم کردار ادا کیا۔