وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے تجاویز پر غور

Last Updated On 24 February,2020 07:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرِ برائے توانائی عمر ایوب، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، متعلقہ وفاقی سیکرٹری صاحبان اور دیگر سینئر افسران اس اہم اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور اس میں ہونے والے نقصانات پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے کیے جانے والے معاہدوں، بروقت انتظامی اصلاحات کو پس پشت ڈالے جانے اور ترسیل وتقسیم کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کو نظر انداز کرنے سے توانائی کے شعبے میں آج مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور اس کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ایک سے تین سو یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین اور کمزور طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کر رہی ہے تاہم انہیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے۔ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے اور جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
 

Advertisement