محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جدید پراپرٹی ٹیکس پورٹل کا افتتاح کردیا گیا

Last Updated On 25 February,2020 07:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جدید پراپرٹی ٹیکس پورٹل کا افتتاح کردیا گیا۔

پراپرٹی ٹیکس پورٹل کا افتتاح صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کیا۔ سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول وجیہہ اللہ کنڈی، ڈی جی ایکسائز سہیل شہزاد اور دوسرے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پورٹل کے ذریعے شہری آن لائن محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ میں موجود اپنی پراپرٹی کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں گے۔

صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویب پورٹل کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پراپرٹی ٹیکس کے بارے میں معلوم کر سکیں گے۔ پورٹل کے ذریعے آن لائن پراپرٹی ٹیکس جمع کرایا جاسکے گا اور پورٹل پر پراپرٹی سے متعلقہ تمام معلومات موجود ہونگی۔ پورٹل کے ذریعے شہری خود پراپرٹی ٹیکس کے امور سر انجام دے سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہم نے شہریوں کو مضبوط بنا دیا ہے۔ پورٹل سے نظام میں شفافیت اور وقت کی بچت ہوگی۔ فیلڈ سٹاف کے صوابدیدی اختیارات کا خاتمہ ہوگا اور شہریوں کا محکمہ ایکسائز پر اعتماد بڑھے گا۔ علاوہ ازیں پراپرٹی کے حوالے سے اصل ڈیٹا کا حصول یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا منشور عوام کی خدمت ہے جس پر پنجاب حکومت من و عن عمل پیرا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت محکمہ ایکسائز میں اصلاحات لیکر آئی۔ محکمہ ایکسائز کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اب شہری محکمہ ایکسائز میں کی جانے والی اصلاحات سے مستفید ہوسکیں گے۔ آنے والے دنوں میں شہریوں کی سہولت کیلئے مزید بڑی خوشخبریاں لا رہے ہیں۔

شہری محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ http://www.excise-punjab.gov.pk پر جاکر "آن لائن سیلف اسسمنٹ آف پراپرٹی ٹیکس " پر کلک کرکے لاگ ان ہوسکتے ہیں۔
 

Advertisement