لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی روزانہ میٹنگ کرکے صورتحال کا جائزہ لے کر اور اقدامات تجویز کرے گی۔
اس کے علاوہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ضروری سازوسامان ہنگامی طور پر منگوانے کی منظوری دی۔ خریداری کے لئے 236 ملین روپے جاری کر دیئے گئے۔
سردار عثمان بزدار نے کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کو مزید موثر اور داخلی راستوں کی سخت مانیٹرنگ کا حکم بھی دیا۔
اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پنجاب میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے۔ اس کے باوجود احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پی کے ایل آئی میں 75 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ میو ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں بھی آئسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں۔ جبکہ جنوبی پنجاب اور نارتھ پنجاب میں بھی آئسولیشن وارڈ قائم کیے جائیں گے۔
عثمان بزدار نے ہدایت جاری کیں کہ عالمی ادارہ صحت کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر 24 گھنٹوں میں عملدرآمد کیا جائے اور رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔