اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی افواج انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث، مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات سے دنیا کے تمام ممالک کو آگاہ کرنیکی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں کیا۔ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات سے دنیا کے تمام ممالک کو آگاہ جبکہ متعلقہ عالمی اداروں کے سامنے بھی بھارتی مظالم سے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 214 دن گزر چکے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا کہ کئی ممالک کی پارلیمان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اہم قراردادیں منظور کر چکی ہیں۔ مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ہندوستان کا عدم برداشت پر مبنی رویہ خطے کے امن واستحکام کیلئے خطرناک ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل فارن سروس اکیڈمی، ندیم ریاض نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ ندیم ریاض حال ہی میں فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل تعینات ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے زیر تربیت افسران کی بہتر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے وزیر خارجہ کو یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سر انجام دیں گے۔ فارن سروس اکیڈمی، جلد ہی چینی سفارت خانے کی پہلے والی عمارت میں منتقل ہو رہی ہے۔ یہ عمارت چینی حکومت کی جانب سے وزارت خارجہ کو تحفے میں دی گئی ہے۔
دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ وفد کی قیادت صدر بار ایسوسی ایشن محمد عمران رشید سلہری اور سیکرٹری جنرل غلام نبی طاہر نے کی۔ وکلا کے وفد نے ملتان میں کچہری کی توسیع اور وکلاء کو درپیش مسائل سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وکلا اس ملک کی تعمیر و آبیاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ قانون کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔