اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار سابق امریکی سفیر برائے پاکستان کیمرون منٹر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں امریکا اور طالبان کے امن معاہدے اور اگلے مرحلے میں انٹرا افغان مذاکرات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا منظور کردہ امتیازی شہریت ترمیمی قانون، بھارتی مسلمانوں کے بھاری جانی، مالی اور نفسیاتی نقصانات کا باعث بن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء سے ہندوستانی حکومت کے اقدامات خطے میں نقص امن کے موجب بن رہے ہیں۔