افغانستان میں قیام امن کے لیے دنیا پاکستان کے کردار کی معترف ہے: شاہ محمود

Last Updated On 28 February,2020 02:20 pm

دوحہ: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے دنیا پاکستان کے کردار کی معترف ہے، امید ہے کل امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے، دنیا میں پاکستان کا تشخص ابھر رہا ہے جبکہ بھارت کو سبکی کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان کو دعوت دی گئی، اس سارے عمل کا حصہ بننا پاکستان کے لیے بڑا اعزاز اور مخلصانہ کوششوں کا اعتراف ہے، بھارت نے افغان امن معاہدے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کیں لیکن اس کے باوجود اگر یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک جانب افغان امن معاہدہ ہو رہا ہے تو دوسری جانب دنیا کا تمام میڈیا نئی دہلی کی صورت حال پر بات کر رہا ہے، دنیا کے دانشور اور فنکار بھی ان حالات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کو بلیک لسٹ کروانے کی سر توڑ کوشش کی مگر اسے ناکامی ہوئی۔
 

Advertisement