اسلام آباد: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا ہے کہ اپنے کام میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں، حقائق پر متعلقہ اداروں کے علاوہ کسی سے ہدایت نہیں لیں گے، اٹارنی جنرل آفس کی آزادی پہلی شرط تھی، وزیر قانون کے ساتھ مطمئن ہوں۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید کا کہنا تھا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم کو واضح بتا دیا ریفرنس بہت بڑا کیس ہے، میری کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں، اٹارنی جنرل آفس اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے تیار ہے، اٹارنی جنرل آفس خود مختار ادارہ ہے۔
خالد جاوید خان نے مزید کہا ریکوڈک کیس حکومت اور وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، ریکوڈک کیس ملکی سلامتی کے حوالے سے بڑا اہم ہے، وزیراعظم کی ترجیحات میں اہم عالمی مقدمات بھی ہیں، سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس دیکھنے کا کہا، عدلیہ بحیثیت ادارہ، جسٹس قاضی فائز سمیت سب ججز قابل احترام ہیں۔