کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی رضویہ سوسائٹی میں چھٹی کے روز بھی سوگ کا سماں ہے۔ عمارت زمین بوس ہونے کے حادثے کے بعد آج مزید 7 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیل کے مطابق کراچی کےعلاقے رضویہ سوسائٹی میں چار روز سے چھائے غم کے بادل چھٹ نہ سکے۔ چھٹی کا روزبھی پیاروں کی لاشیں ڈھونڈنے سے شروع ہوا۔ علاقے میں سوگ کے بادل برقرار ہیں۔
جمعرات کو رضویہ سوسائٹی میں گرنے والی پانچ منزلہ عمارت نے کئی نگینے چھین لیے تھےملبے سے نکالی گئی لاشوں کو شناخت کے بعد ورثا کے سپرد کر دیا گیا۔
ادھر متاثرہ عمارت کے مالک کی تصویر بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ متاثرین نے عمارت کے مالک کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب واقعے میں جاں بحق پچیس سالہ صفیان کی نماز جنازہ حیدر آباد میں ادا کی گئی جبکہ عامر نواب کی نماز جنازہ کھجی گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں رشتے دار اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریسکیو آپریشن کلین اپ ہونے میں تنگ گلیاں اور ناکافی مشینری رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ حادثے کے پہلے روز آنے والے سیاسی کردار ورثا کی دادرسی کو دوبارہ نہ آ سکے۔