کراچی: (دنیا نیوز) پورٹ قاسم میں کیمیکل فیکٹری کی گیس پائپ لائن لیک کرگئی، زہریلی گیس پھیلنے سے 100 کے قریب ملازمین کی حالت غیر ہوگئی۔
پورٹ قاسم میں کیمیکل فیکٹری میں گیس کے اخراج واقعے کے فوری بعد فیکٹری میں کام بند کر دیا گیا تھا، کیمیکل فیکٹری کی گیس پائپ لائن پھٹنے سے زہریلی گیس پھیلنے سے متاثر ہونے والے ملازمین کو فوری طور پر شہر کے مختلف ہسپتال پہنچایا گیا۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق 47 متاثرہ افراد کو دم گھٹنے کی شکایت پر جناح ہسپتال لایا گیا تھا جبکہ باقی متاثرہ ملازمین کو ملیر کے نجی ہسپتال لے جایا گیا تاہم تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے جنہیں طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا جائے گا۔
نجی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم پر ہونے والی گیس لیکج پر فوری قابو پالیا گیا تھا، حادثے سے کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، کمپنی حادثے سے متعلق تفصیلات اکھٹی کر رہی ہے، واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔