سندھ ہائیکورٹ: چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم

Last Updated On 05 March,2020 10:15 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ ہائیکورٹ نے چیئر مین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ آغا سہیل احمد پٹھان کو ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے 15 یوم میں نیا چیئرمین تعینات کر کے نوٹی فکیشن پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

فاضل عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو 19 مارچ کے نوٹس جاری کر دئیے۔ بدھ کو جسٹس ندیم اختر کی سر براہی میں جسٹس عدنان الکریم میمن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے عدالتی احکامات کی عدم تعمیل سے متعلق ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد یعقوب چانڈیو کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل حیدر امام رضوی نے آگاہ کیا کہ عدالت نے چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ کو کرپشن کے الزامات پر ایک ماہ کے اندر ہٹانے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود آغا سہیل احمد پٹھان کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا، یہ اقدام توہین عدالت کے مترادف ہے۔ عدالت نے چیئر مین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ آغا سہیل احمد پٹھان کو ہٹا کر 15 یوم میں نیا چیئرمین تعینات کر کے نوٹی فکیشن پیش کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔