اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال اور سردار ایاز صادق نے بلاول بھٹو سے ملاقات کی جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر شہباز شریف کی واپسی کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مشترکہ حکمت عملی اپنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے لیگی رہنماؤں سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے واپس نہ آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ احسن اقبال اور ایاز صادق نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو یقین دہانی کرائی کہ شہباز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔
بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملنے والے ایم پی ایز پرانے لوٹے ہیں، یہ لوٹے ایم پی ایز پہلے بنی گالہ بھی جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کو ایم پی ایز کی حمایت کا شوق ہے تو ان کا استعفیٰ دلوائے اوریہ لوگ پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں پھر انہیں آٹے اور چینی کے بھاؤ کا پتہ چلے گا۔ پی ٹی آئی کی نام نہاد صاف ستھری سیاست کا حال دیکھ لیں، ان ایم پی ایز کو نوٹس کے حوالے سے صوبائی پارلیمانی پارٹی فیصلہ کرے گی۔