کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت سندھ نے کرونا وائرس سے بچاو کیلئے جیل میں رہنے والے قیدیوں کیلئے ایڈوائزی جاری کر دی۔ محکمہ صحت سندھ نے قید خانوں میں خصوصی ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔
محکمہ صحت سندھ کےحکام کے مطابق چالیس سال سے اوپر اور کم قوت مدافعت والے قیدیوں کو جیل میں الگ رکھا جائے، جیل میں تمام افراد ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں گے، تمام قیدیوں کو صابن اور سینیٹائزر کی سہولیات فراہم کی جائیں، قیدیوں کو کھانسنے اور چھینکنے پر منہ ڈھانپنے کی ہدایت کی جائے، قیدخانوں میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد کی جائے، قیدیوں سے تفتیش کرنے والے پولیس اہلکار احتیاطی تدابیر اپنائیں گے۔