کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کی پاک ایران اور پاک افغان سرحدیں مزید 2 ہفتوں کے لئے مکمل بند کر دی گئیں، ہر قسم کی تجارتی اور دیگر سرگرمیاں معطل جبکہ افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار ہو گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے سے منسلک پاک ایران سرحد تفتان جبکہ پاک افغان سرحد باب دوستی چمن میں مزید دو ہفتوں کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ ہمسایہ ممالک اور ملک میں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کے کیسز پر کیا گیا ہے۔
پاک ایران سرحد پر ملک واپس آنے والے زائرین کی آمد کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے جنہیں پاکستان ہاوس اور کورنٹائن میں رکھا گیا ہے تاہم سرحد پر پاک ایران تجارت سمیت دیگر تمام سر گرمیاں بند ہیں۔
دوسری جانب پاک افغان سرحد باب دوستی بھی مکمل بند ہے، سرحد بند ہونے سے گزشتہ دو ہفتوں سے افغان ٹریڈ سمیت ہر قسم کی تجارت، لوگوں کی آمدورفت مکمل بند ہے، دونوں سرحدیں وفاقی حکموت کی جانب سے مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کی جانب سے سرحدوں پر مکمل سکرینگ کا نظام موجود ہے، وہاں پہلے سے موجود لوگوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں۔