نوشہرہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ حکومت نے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے تمام جلسے عید الفطر تک منسوخ کر دیئے گئے ہے۔
نوشہرہ کے علاقے پشتون گڑھی میں بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ عوام کو ریلف دینے اور مسائل کے حل کرنے کے لیے عمران خان سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان مشکل فیصلے کررہے ہیں۔ سابقہ حکمرانوں کی غلط پالیسوں سے ملک مقروض اور معیشت تباہ حل ہوئی۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پاکستان میں کرونا وائرس کی وباء ابھی قابو میں ہے۔
وفاقی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کی حکومت نے کروناوائرس کو روکنے کے لیے اچھے اقدامات کیے ہے۔ حکومت نے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے تمام جلسے عید الفطر تک منسوخ کردیے گئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کو روکنے میں حکومت سمیت اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن پر بھی یکساں ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔