کروناوائرس149 ممالک تک پھیل گیا، چین میں حالات سنبھلنے لگے

Last Updated On 14 March,2020 11:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین سے پھیلنے والا کرونا وائرس 149 ممالک میں پھیل چکا ہے، مہلک وبا،سے اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں، چین نے موثر اقدامات کر کے اس کے خطرے کو کم کر دیا، جہاں پچھلے دو ہفتے میں صرف ایک ہزار کیس رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے ہر کونے میں مہلک وائرس کرونا پہنچ گیا، چین کے صوبے ووہان سے چلنے والی وبا کی آہستہ آہستہ پڑوسی اور دیگر ممالک سے دوسرے براعظموں تک رسائی ہوگئی۔

21 جنوری سے 31 جنوری تک چین میں 11 ہزار 791 افراد متاثر ہوچکے تھے، 31جنوری کو اٹلی، یکم فروری کو برطانیہ، 19فروری کو ایران، 28 فروری کو امریکا، 27 فروری کو جرمنی میں پہلا کیس رپورٹ کیا گیا۔

26 فروری کو پاکستان میں دو کیس سامنے آئے، ایک کراچی اور دوسرا اسلام آباد میں دونوں ایران کے راستے وطن واپس آئے تھے۔

چین میں تیزی سے کرونا متاثرین کی تعداد بڑھی جس سے دنیا بھر میں تشویش بھی بڑھ گئی، 21 جنوری سے اب تک چین کے بعد اٹلی اور ایران میں متاثرین میں اضافہ ہوا۔

یورپی ممالک میں سپین، فرانس، جرمنی جبکہ جنوب مشرقی ایشیا میں جنوبی کوریا میں وائرس کے شکار زیادہ تھے۔ چین سمیت دیگر ممالک نے موثر اور درکار حفاظتی اقدامات اٹھائے اور کرونا کو مزید بڑھنے سے روکاہے۔

21 جنوری سے 31 جنوری کے دوران چین میں 11ہزار سات سو 91، یکم فروری سے دس فروری کے درمیان 30847 ہوگئی، گیارہ فروری سے 20 فروری کے درمیان 32ہزار 827 اور پھر اسے کنٹرول کرتے ہوئے اکیس فروری سے 29 فروری کے درمیان 4 ہزار 359 یکم سے 14 مارچ کے درمیان تعداد صرف ایک ہزار رہ گئی۔

چین میں اب تک 80 ہزار 824 افراد متاثر ہوئے جس میں سے 3 ہزار ایک سو نواسی ہلاک ہوئے، ایکٹو کیس اب بھی بارہ ہزار سے زائد ہیں۔

اٹلی میں اب تک 17ہزار 660 کیس رپورٹ ہوئے ایک ہزار دو سو چھیاسٹھ ہلاک ہوگئے، ایران میں 12 ہزار 729 متاثرین میں سے 611 افراد دم توڑچکے ہیں۔

سپین میں پانچ ہزار 753 میں سے 191 افراد ہلاک ہوئے، جنوبی کوریا میں آٹھ ہزار چھیاسی متاثرین میں سے 72 ہلاک ہوئے، امریکا میں دوہزار 340 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 50 موت کے منہ میں چلے گئے۔

برطانیہ میں 21 افراد، جرمنی میں تین ہزار 953 میں آٹھ جبکہ بھارت میں 84 میں سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

پاکستان ،سعودی عرب، اور دیگر خلیجی ممالک میں کرونانے قدم رکھے، یہاں بھی متاثرین کی تعداد ابھی زیادہ نہیں لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے صورتحال کنٹرول میں ہے۔

چین اور کچھ ممالک نے کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے کامیابی سے روک لیاہے، اب تک ایک لاکھ اننچاس ہزار میں سے 5ہزار 615 افراد ہلاک ہوئے جوکہ چارفیصد بنتی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 73ہزار سات سو بارہ ہے، ایکٹو کیس 69 ہزار 9 سوچونسٹھ ہیں۔

طبی ماہرین بھی توقع ظاہر کررہے ہیں کہ وائرس کے اثرات موسم کی تبدیلی کے ساتھ بتدریج کم ہوجائیں گے۔