اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزارت خارجہ نے وزارت خارجہ کےملازمین کو کرونا سے بچانے کے لیے اقدامات شروع کر دئیے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے کرونا وائرس سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر اور آگاہی کے حوالے سے اقدامات کیے ہیں، وزارت خارجہ میں کرونا سے بچاو، احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے حوالے سے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کی خصوصی ٹاسک فورس پاکستان میں موجود غیر ملکی مشنز سے رابطہ رکھے گی، ٹاسک فورس بیرون ممالک پاکستانی مشنز سے بھی ہمہ وقت رابطہ رکھے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خصوصی ٹاسک فورس میں ڈی جی ہیڈ کوارٹرز شامل ہیں، گریڈ 17 کے چند افسران کو بھی خصوصی ٹاسک فورس میں شامل کیا جائے گا، ٹاسک فورس سیل کا انفراسٹرکچر قائم کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ میں الیکٹرانک فائل کے نظام کو بھی فعال بنادیا گیا، نظام کو آن لائن فائلوں کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جائے گا، تمام حکام و ملازمین کے لیے کرونا سے بچاؤ و احتیاطی تدابیر پر آگاہی کے لئے طبی ٹیم کے ہمراہ معلوماتی نشستوں کا آغاز کر دیا گیا۔
عائشہ فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ دفتر خارجہ کے تمام داخلی راستوں پر کرونا سے بچاؤ کے لیے معلوماتی پینا فلیکس آویزاں کر دئیے گئے ہیں، دفتر خارجہ میں آغا شاہی اور صاحبزادہ یعقوب علی خان بلاکس میں مختلف مقامات پر سینیٹائزرز نصب کر دئیے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دفتر خارجہ کے حکام و ملازمین کو ہینڈ سینیٹائزرز اور جراثیم کش سوائب بھی فراہم کر دئیے گئے ہیں، دفتر کے احاطے کو جراثیم کش رکھنے کے لیے دن میں کئی مرتبہ صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔