راولپنڈی: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، کرونا وائرس کے مریضوں کے 35 وینٹیلیٹرز اور الگ الگ وارڈز بھی قائم کر دیئے گئے۔
راولپنڈی میں زیر تعمیر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کو کرونا مینجمنٹ سینڑ قائم کر دیا گیا جبکہ شہر کے دو بڑے سرکاری ہسپتالوں ہولی فیملی اور بے نظیر بھٹو ہسپتال میں کرونا وائرس کی الگ الگ وارڈ قائم کی گئی ہیں جہاں 30 سے زائد مریضوں کو رکھا جا سکتا ہے۔
راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں 20 وینٹیلیٹرز کو آپریشنل کر دیا گیا جبکہ ہولی فیملی ہسپتال میں 8 اور بے نظیر بھٹو ہسپتال میں 7 وینٹیلیٹرز کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈیمانڈ کے مطابق پنجاب حکومت نے ادویات، ماسک اور گالوز فراہم کر دیئے ہیں۔