اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ظفر مرزا نے سارک کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بغیر روک ٹوک امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی درخواست پر کرونا وائرس سے متعلق سارک کانفرنس میں وزیر مملکت کی سطح پر شرکت کی۔
کرونا وائرس پر منعقدہ سارک ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی اور سارک کے دیگر سربراہان مملکت کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اطلاعات کی ترسیل ناگزیر ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرے اور اطلاعات کی ترسیل پر پابندیاں اٹھائے۔
خیال رہے کہ سات ماہ سے زائد عرصے سے لاک ڈاؤن کا شکار مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے پانچ کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے لاکھوں مظلوم مکین پانچ اگست 2019ء سے بھارتی افواج کے نرغے میں ہیں۔
کشمیریوں کو صحت کی سہولیات میسر ہیں نہ ہی مقبوضہ وادی میں موذی وائرس سے نمٹنے کیلئے مودی حکومت نے کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں۔
مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث کرونا وائرس سے ہلاکتوں کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔ دنیا بالخصوص ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو ہنگامی طور پر صورتحال کا نوٹس لینا ہوگا۔
یاد رہے کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی کے باعث ماضی میں سارک فورم کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال کرتا رہا ہے۔ ہمسایہ ملک نے پاکستان میں سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت سے بھی انکار کیا تھا اب جبکہ نریندر مودی کا تکبر ٹوٹا ہے تو امید ہے کہ عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے خطے کے ممالک سے تعاون کا خواہشمند بھارت مقبوضہ وادی میں بھی طویل لاک ڈاؤن ختم کرے گا تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی پیشرفت ہو سکے۔