پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 52 ہوگئی

Last Updated On 15 March,2020 09:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سکھر اور کراچی میں کرونا وائرس کے اٹھارہ نئے کیس سامنے آگئے۔ لاہور میں بھی ایک شہری میں وائرس کی تشخیص۔ ملک بھر میں مریضوں کی مجموعی تعداد باون ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی تعداد 52 ہو گئی ہے۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کے 52 مصدقہ کیس ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ مریضوں کا جن افراد سے رابطہ ہوا، ان کی موثر انداز میں تلاش جاری ہے۔ ہم نے وائرس کی تشخیص کی صلاحیت کو بہتر بنایا ہے۔ اب ملک بھر میں 31 لیبارٹریاں کرونا وائرس کی تشخیص کر رہی ہیں۔

 

ادھر صوبہ سندھ میں ایک ہی دن میں اٹھارہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ سکھر کے آئسولیشن سینٹر میں ایران سے آئے تیرہ زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کراچی میں بھی پانچ مریض سامنے آنے سے صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق تفتان سے آنے والے 293 زائرین میں سے چالیس کے سیمپلز ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے جن میں سے 13 کی رپورٹ مثبت آئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فوری طور پر کرونا سے متاثرہ مریضوں کو الگ تھلگ کرنے اور میڈیکل سٹاف کو سکھر بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ صحت نے کراچی سے مزید پانچ کرونا کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ تین افراد حال ہی میں سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے۔ ایک متاثرہ شخص کی ٹریول ہسٹری واضح نہیں ہو سکی ہے جبکہ ایک مریض کوئٹہ سے کراچی آیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ چھٹی کے روز بھی متحرک نظر آئے۔ وہ بغیر پروٹوکول شہر کے دورے پر نکل پڑے۔ انہوں نے انڈس اور جناح ہسپتال سمیت دیگر آئسولیشن سینٹرز کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے لی مارکیٹ میں پرندوں کا بازار بھی بند کرانے کا حکم دیا۔ ادھر کرونا وائرس کے پیش نظر رینجرز نے بھرتیوں کا شیڈول بھی ملتوی کر دیا ہے۔