اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 193 ہوگئی۔
سندھ میں کرونا وائرس کے 5 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 155 ہوگئی۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے بتایا سکھر میں موجود 234 زائرین کے ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے، اب تک 119 افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں۔
وزیر صحت پنجاب نے صوبے میں مزید 5 مریضوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق کی جس کے بعد تعداد 6 ہوگئی۔ خیبرپختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10 کرونا وائرس کے مریض کی تصدیق ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے نئے تعمیر شدہ ہسپتالوں کو ایک ماہ میں فعال کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ حکومت دیہی علاقوں میں صابن بھی تقسیم کرے گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر لیبر کالونی میں موجود زائرین کو مکمل سہولیات دینے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا سکھر میں ڈاکٹرز سمیت تمام ضروری اشیاء کا انتظام کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی نئی کٹس خریدی جائیں۔
دوسری طرف سندھ فوڈ اتھارٹی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہوٹل مالکان، کیٹررز اور ملازمین کے لیے احتیاطی تدابیر کا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ تمام فوڈز پوائنٹس، ہوٹل اور دکانوں میں ملازمین کے لیے ماسک، جراثیم کش صابن، سینیٹائزرز اور ڈرائیر فراہم کئے جائیں۔