قومی ہیرو ایم ایم عالم کی ساتویں برسی آج منائی جا رہی ہے

Last Updated On 18 March,2020 11:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ہیرو محمد محمود عالم جنہیں دنیا ایم ایم عالم کے نام سے جانتی ہے، کی آج ساتویں برسی منائی جا رہی ہے۔ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں اپنی جرات مندانہ صلاحیتوں سے وہ تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رہے گی۔

پاکستانی عوام آج قومی ہیرو کی ساتویں برسی پر ان کی یاد تازہ کر رہے ہیں محمد محمود عالم 1952 میں پاکستان ائیر فورس میں شامل ہوئے، جنون کی حد تک انہیں آسمان میں اڑنے کا شوق تھا۔ اسکوارڈن لیڈر، انسٹرکٹر، ڈائریکٹر آپریشنز اور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر اسٹاف کے عہدوں پر فائز رہے۔


اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے مقام پر پانچ بھارتی ہنٹر جنگی طیاروں کو ایک منٹ میں مار گرایا تھا۔

ان کے اس کارنامے کی یاد کو پاک فضائیہ کے میوزیم میں تازہ کیا گیا ہے جہاں ان کا مجسمہ اور جہاز رکھا گیا ہے۔ ایم ایم عالم نے چار طیارے تیس سیکنڈ کے اندر مار گرائے تھے اور یہ ایک عالمی ریکارڈ تھا۔

اس مہم میں ایم ایم عالم ایف 86 جنگی طیارہ اڑا رہے تھے جو اس زمانے میں ہنٹر طیارے سے تکنیکی اعتبار سے تیزتر تھا، انہوں نے پانچ بھارتی جنگی طیارے ایک منٹ میں گرا کر داد شجاعت پائی۔

اس جنگ کے دوران ایم ایم عالم نے مجموعی طور پر دشمن کے نو طیارے مار گرائے اور دو کو نقصان پہنچایا جن میں چھ ہاک ہنٹر طیارے تھے، ان کے اس کارنامے پر انہیں دو مرتبہ ستارہ جرات کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔