اسلام آباد: (دنیا نیوز) انڈین فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن کے مگ 21 بائسن طیارے کے چاروں میزائل نمائش کیلئے پیش کر دیے گئے۔
ائیر کموڈور سید عمر شاہ کا نمائش میں کہنا تھا کہ بھارتی مگ طیارے سے کوئی میزائل فائر نہیں ہوا اور نہ ہی ایف سولہ طیارہ گرایا گیا۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستانی ایف سولہ گرانے سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے فضا میں موجود تمام طیاروں کی نشاندہی کی، انھیں لاک کیا اور دو مار گرائے۔ پاک فضائیہ نے ایل او سی کے اس پار 4 اہداف لاک کیے، تباہ نہ کیے اور خون بہا سے گریز کیا۔
انہوں نے بریفنگ میں کہا کہ پاک فضائیہ چاہتی تو بہت جانی اور مالی نقصان پہنچایا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کیساتھ مشقیں اور تکنیکی معاونت جاری رہتی ہے۔ پاک فضائیہ موجود تمام ہتھیار ملکی دفاع کیلئے استعمال کا مکمل اختیار رکھتی ہے۔