پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کےلیے علمائے کرام نے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ قوم اس مشکل کی گھڑی میں احتیاط سے کام لے۔
اجمل وزیر کا علمائے کرام کے ساتھ کانفرنس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ علمائے کرام نے کرونا وائرس کی روک تھام کےلیے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ صوبے کے 400 علما نے خطابات جمعہ میں کرونا سے متعلق آگاہ کیا۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب کوئی وبا آ جائے تو اسلام نے مقابلہ کرنے کا کہا ہے۔ وبائی صورتحال میں ڈاکٹرز کی رائے علما کی رائے پر مقدم ہے۔ کرونا ایک وبا ہے جس سے انسانی جان کو خطرہ ہے۔ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دستیاب اسباب کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنانا چاہیے۔ یہ اللہ کی طرف سے امتحان ہے اور اللہ سے ہی رجوع کرنا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں خود سمیت دوسروں کو بچانا بھی لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کیخلاف اللہ کی بارگاہ میں کھڑا ہونا ہوگا۔ شریعت جدید سائنس، توکل اور میڈیکل کے خلاف قطعی نہیں، ہر دور کے موجودہ اسباب کو استعمال میں لانا تعلیمات کا حصہ ہے۔
اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ قوم اس مشکل کی گھڑی میں احتیاط سے کام لے۔ سلام کرنا، ہاتھ ملانے سے کہیں بہتر ہے۔ وبا میں جاں بحق ہونے والے افراد شہید کا رتبہ رکھتے ہیں۔