نئی دہلی: (ویب ڈیسک) برطانیہ سے بھارت واپس پہنچنے والی بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ کانیکا کپور کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق کانیکا کپور چند روز قبل لندن سے واپس بھارت پہنچیں، دو روز بعد انہیں وبا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی جس کے بعد ڈاکٹر نے انہیں ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی۔
کانیکا کپور نے دو روز قبل ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے دیے جس کی رپورٹ آج صبح انہیں موصول ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کانیکا کے ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آئی جس کا مطلب وہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ گلوکارہ نے خود ہی انسٹاگرام پوسٹ کر کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نے لکھا کہ چار روز قبل میں واپس بھارت پہنچی تو زکام تھا، جس کے بعد میں نے خود ہی کرونا کا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا اور ڈاکٹر سے رجوع کیا۔
کانیکا کا مزید کہنا تھا کہ میں نے وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا جبکہ گھر والے بھی سماجی علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔
انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ بخار اور نزلے کے باوجود وہ طبیعت پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔