کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبے میں کرونا وائرس کے خطرناک پھیلاؤ کے پیش نظر ڈاکٹروں سے مدد کی اپیل کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ڈاکٹروں سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کیخلاف سندھ کو آپ کی ضرورت ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماہرین کیساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صوبائی محکمہ صحت نے اس حوالے سے اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کرا دئیے ہیں۔ صوبے کے خواہش مند ڈاکٹرز سیکریٹری ہیلتھ کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت، ملک میں مریضوں کی تعداد 447 ہوگئی
ادھر وزیر صحت سندھ نے کراچی میں کرونا سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد پاکستان میں اموات کی تعداد 3 جبکہ ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 447 ہو گئی ہے۔
وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کا کہنا تھا 77 سالہ شخص کو کل نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ مریض کو دوسری بیماری بھی تھی لیکن کرونا وائرس کے باعث ہلاکت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں تک پہنچ رہے ہیں، اس لئے سندھ میں زیادہ کیسز نظر آ رہے ہیں۔ سندھ نے سب سے زیادہ کیسز کی تشخیص کی، جیسے ہی اطلاع ملتی ہے ہم ٹیسٹنگ کرتے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز پشاور میں کرونا وائرس کے باعث 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ مرنے والے افراد میں ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا ہنگو سے تھا۔ مرادان میں 50 سالہ شخص سعادت خان گزشتہ ہفتے ہی عمرہ کر کے واپس آیا تھا۔
ملک بھر میں کرونا کیسز
کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 245 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے، سندھ میں ایک ہی دن میں 37 نئے کیسز سامنے آئے، حیدرآباد کا مریض صحتیاب ہوگیا۔ وزیر اعلی سندھ نے شہریوں کو گھر میں محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سکھر میں موجود زائرین کے لئے 60 ارب روپے جاری کر دیئے گئے۔
پنجاب میں بھی کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 78 ہوگئی جس میں 45 نئے کیس شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 23 اور بلوچستان میں تعداد 81 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں بھی ایک کیس رپورٹ ہوا۔ شہر اقتدار میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہے۔